ہفتہ 14 نومبر 2026 - 18:27
حوزہ علمیہ دار الزہراءؑ میں مجلسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ سیرتِ فاطمہ زہراؑ خواتین کے لیے عفت، حیا اور تربیت کا کامل نمونہ

حوزہ/ اتر پردیش کے ضلع مئو کے پورا معروف میں القائم ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام حوزہ علمیہ دار الزہراءؑ میں مجلسِ عزائے فاطمی کا انعقاد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مہجبیں فاطمہ نے خواتین کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اپنانے کی تلقین کی اور آپؑ کی حیاتِ طیبہ کو حیا، عفت، صبر، عبادت اور بہترین تربیت کا کامل نمونہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مئو-اتر پردیش/ ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے القائم ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام حوزہ علمیہ دار الزہراء سلام اللہ علیہا، پورا معروف، حسین آباد، کرتھی جعفرپور، ضلع مئو میں 3 جمادی الثانی کو مجلسِ عزائے فاطمی کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس میں علاقے کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بارگاہِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

مجلس سے محترمہ مہجبیں فاطمہ (پورا معروف) نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ خواتین کے لیے ایک کامل نمونۂ عمل ہے۔ آپؑ کی زندگی حیا، عفت، صبر، عبادت، ایثار، شوہر سے وفاداری اور اولاد کی بہترین تربیت جیسے اعلیٰ اخلاقی و انسانی اوصاف کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ایک بیٹی، ایک زوجہ اور ایک ماں کی حیثیت سے پوری انسانیت کو زندگی گزارنے کا بہترین درس دیا ہے، لہٰذا خواتین کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں آپؑ کی سیرت کو اپنانا چاہیے۔

اس موقع پر ادارے کے سربراہ مولانا محمد عباس معروفی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور مقامِ اسوہ پر روشنی ڈالتے ہوئے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے فرمان «فِي ابْنَةِ رَسُولِ اللّٰهِ لِي أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ» کا حوالہ دیا، جس کا مفہوم ہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دخترِ گرامی میرے لیے بہترین نمونۂ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہر دور کے انسانوں کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور آپؑ کو وسیلہ بنا کر بارگاہِ الٰہی میں دعا و مناجات کرنا باعثِ خیر و برکت ہے۔

مجلس کے اختتام پر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت پر پرسہ پیش کیا گیا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لیے دعا کی گئی۔

واضح رہے کہ القائم ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ٹرسٹ گزشتہ تقریباً دو برس سے پورا معروف میں علمی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔ ادارے کے زیرِ اہتمام حوزہ علمیہ دار الزہراء سلام اللہ علیہا میں بچوں اور بچیوں کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کے لیے مکتب اور مدرسہ کے علاوہ اہلِ بیت کمپیوٹر کوچنگ سینٹر بھی قائم ہے۔ اسی طرح خواتین اور نوجوانوں کے لیے ہفتہ وار و ماہانہ دروس اور تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ماہِ رمضان المبارک اور محرم الحرام میں بھی خصوصی دینی و تربیتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔

ادارہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ فلاحی و سماجی میدان میں بھی خدمات انجام دے رہا ہے، جس کا مقصد ضرورت مندوں کی مدد، معاشرتی اصلاح اور تعلیم و تربیت کے ذریعے ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha